کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ کھولے جانے کا طالبان کا مطالبہ
افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے وزیر خارجہ نے کابل دہلی تعلقات میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کابل میں ہندوستان کا سفارت خانہ کھولے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ہندوستانی پریس ذرائع کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ہندوستان اور افغانستان کے تعلقات مسلسل بہتر ہو رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کو چاہئے کہ کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولے۔
انھوں نے سفارتی سیکورٹی کے بارے میں ہندوستان کی تشویش کے بارے میں بھی کہا کہ طالبان، افغانستان میں ہندوستان کے دیگر نمائندہ دفاتر اور مراکز کی طرح سفارت خانے کو بھی سیکورٹی فراہم کریں گے۔
امیر خان متقی نے کہا کہ طالبان، افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استمعال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ ہندوستان نے اگست دو ہزار اکیس میں افغانستان میں طالبان کے بر سر اقتدار آنے کے بعد دیگر ملکوں کی طرح اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا جبکہ اس سے پہلے اس نے مزار شریف، قندھار، ہرات اور جلال آباد میں اپنے قونصل خانے بھی بند کر دیئے تھے۔
ہندوستان اور افغانستان کے تعلقات دیرینہ اور تاریخی نوعیت کے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان انیس سو پچاس میں افغانستان کی آزادی کے بعد سے ہی سفارتی تعلقات قائم رہے ہیں۔