جیل سے داعش کے عناصر فرار، رقہ میں الرٹ
داعش کے عناصر کے جیل سے فرار ہونے کے بعد شام کے شہر الرقہ میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: کچھ میڈیا ذرائع نے شام کے الرقہ شہر کی سینٹرل جیل سے داعش کے متعدد عناصر کے فرار ہونے کی خبر دی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، بعض خبری ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ شمالی شام کے شہر الرقہ کے سینٹرل جیل سے داعش کے متعدد قیدی فرار ہوگئے ہیں جو ماضی میں داعش کا اہم اڈہ تھا۔
شامی حکومت کے مخالف گروہ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس "المرصد السوری" نے اطلاع دی ہے کہ کرد عسکریت پسند جنہیں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے صبح سے ہی سینٹرل جیل کے ارد گرد فلیگ مارچ کر رہے ہیں۔
شامی حکومت کے مخالف اس مرکز نے بعض ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فورسز اسٹینڈ بائی پر تھیں کیونکہ سینٹرل جیل سے داعش کے متعدد قیدی فرار ہو گئے تھے۔
القدس العربی اخبار کے مطابق قیدی آج صبح فرار ہوئے اور سینٹرل جیل کے اردگرد فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد ایمبولینسیں جیل کے علاقے میں پہنچیں۔