Jul ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۸ Asia/Tehran
  • کابل میں شیعہ علما اور طالبان سکیورٹی عہدیداروں کا اجلاس

افغانستان کی شیعہ علما کونسل کے ایک وفد نے محرم الحرام سے قبل طالبان انتظامیہ کے سکیورٹی حکام سے ملاقات اور عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

کابل کی مسجد رسول اکرم (ص) میں ہونے والے اس اہم سکیورٹی اجلاس میں، شیعہ علماء کونسل کے ارکان کے  علاوہ پانچ سو چالیس امام بارگاہوں اور مساجد کے انتظامی عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل افغانستان کے صدر آیت اللہ صالحی نے نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی مجالس اور محرم کے جلو‎سوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے انجمنوں اور ماتمی دستوں کے ذمہ داران سے بھی اپیل کی کہ وہ امن و امان کے تحفظ کے لیے مقامی طالبان انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔

طالبان انتظامیہ کے ڈپٹی سکیورٹی چیف حاجی نجیب اللہ نے اس موقع پر کہا کہ اس اجلاس کا انعقاد خود اپنی جگہ پر باہمی تعاون کا نمونہ ہے ۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ محرم الحرام کے دوران مسجدوں اور امام بارگاہوں کی حفاظت کے لیے بیس ہزار سے زائد رضاکار تعینات کیے جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر کابل سمیت افغانستان بھر میں سیاہ پرچم اور بینرز نصب کئے جارہے ہیں اور لوگ انتہائی پرجوش طریقے سے مجالس کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔

ٹیگس