استقامتی فورسز کی کارروائی کے خوف سے اسرائیلیوں کی نیندیں حرام
فلسطینی گروہوں کی استقامتی کارروائیوں کے خوف سے صیہونی حکومت نے مقبوضہ سرزمینوں میں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ہے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ صیہونیوں کی عیدوں کے موقع پر استقامتی گروہوں کی جوابی کارروائیوں کے خوف سے مزید بیس ہزار فوجیوں کو غرب اردن میں تعینات کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل صیہونی وزیر جنگ بنی گانٹس نے بھی کہا تھا کہ فلسطینیوں کو کچلنے کے لئے مزید فوجیوں کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال کی ابتدا سے استقامتی گروہوں کی کارروائیوں میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے جس سے صیہونی حکومت پریشان دکھائی دے رہی ہے۔ فلسطینی ماہرین کے خیال میں استقامتی گروہوں کی ان کارروائیوں سے نئے انتفاضہ کی نوید مل رہی ہے۔
فللسطینی عوام پر غاصب اسرائیلیوں کے تشدد اور نہتے عوام کو قتل کرنے کے واقعات میں روز افزوں اضافے کے نتیجے میں صیہونیوں کو نشانہ بنانے والی ان کارروائیوں میں شدت آتی جا رہی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ صیہونی حکومت کو غزہ پٹی میں حالات بگڑنے کی جانب سے بری طرح تشویش لاحق ہے۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ تل ابیب حالات کو قابو میں کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے ہوئے ہے۔