مسجد الاقصیٰ پہنچ جائیں، فلسطینی تنظیموں کی عوام سے اپیل
یہودیوں کے مخصوص ایام کے پیش نظر فلسطینی تنظیموں نے عوام سے کہا ہے کہ پیر اور منگل کے روز بڑے پیمانے پر مسجد الاقصیٰ پہنچ جائیں۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق بعض فلسطینی گروہوں نے کہا ہے کہ انتہاپسند یہودیوں کی سرگرمیوں سے یوں دکھائی دیتا ہے کہ وہ 26 ستمبر کو مسجد الاقصیٰ پر ایک مرتبہ پھر یلغار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسی لئے فلسطینی گروہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پیر اور منگل کے روز بڑے پیمانے پر مسجد الاقصیٰ پہنچ جائیں۔
فلسطینی تنظیموں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مسجد الاقصیٰ کی حفاظت و پاسداری کرنا ہماری ذمہ داری ہے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ یہودیوں کی یلغار کو روکنے کیلئے تیار رہیں۔
بیت المقدس شہر میں ہی مسجد الاقصیٰ واقع ہے جو مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے اور یہ فلسطین کا اٹوٹ حصہ ہے جو مسلمانوں کے تین اہم ترین و مقدس ترین مقامات میں شمار ہوتی ہے۔ مسجد الاقصیٰ جو شہر بیت المقدس میں اسلامی فلسطینی تشخص کی علامت ہے، ہمیشہ صیہونیوں کی جارحیتوں کی زد پر رہتی ہے اور غاصب صیہونی حکومت یہاں مسلسل اپنی تخریبی و تباہ کن کارروائیاں انجام دیتی رہتی ہے۔