Oct ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۳:۲۶ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے بھاری ہتھیاروں کی شمالی غرب اردن منتقلی

غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مجاہدین کی جوابی مسلحانہ کارروائیوں اور بڑھتی ہوئی انتفاضہ کے بعد غاصب صیہونی حکومت نے اپنے بھاری ہتھیاروں کو غرب اردن کے شمالی علاقوں میں منتقل کر دیا ہے۔

صیہونی اخبار یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی وزارت جنگ نے اعلان کیا ہے کہ غرب اردن کے شمال میں فوجی مشقوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اسرائیلی فوج اپنے بھاری ہتھیاروں کو غرب اردن کے شمالی علاقوں میں منتقل کر رہی ہے۔

اس اخبار نے خاص طور سے حالیہ دو ماہ کے دوران فلسطینی مجاہدن کے مقابلے میں صیہونی حکومت کی بے بسی و ناتوانی کی پردہ پوشی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ البتہ ان فوجی مشقوں کی منصوبہ بندی پہلے ہو چکی تھی ۔ غاصب صیہونی حکام اس وقت غرب اردن کے علاقوں میں بڑھتی ہوئی صیہونیت مخالف جدوجہد سے سخت خوف زدہ ہیں اس لئے وہ بوکھلائے ہوئے پورے علاقے کی صورت حال کو جلد سے جلد کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

غرب اردن کے شہر رام اللہ کے قریب صیہونیوں کو گاڑی سے کچلنے کی فلسطینیوں کی کوشش کے بہانے غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

دوسری جانب فلسطینی ذرائع‏ کا کہنا ہے کہ کی تحریک استقامت کے سپاہیوں نے جنین کے ایک علاقے میں صیہونی جارحیت کے جواب میں غاصب صیہونی فوجیوں پر حملہ کیا ہے۔

سما نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ اس بریگیڈ کے جوانوں نے جنین کے جنوب میں ترسلہ نامی علاقے میں ایک کارروائی کر کے صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے بھی رپورٹ دی ہے کہ نابلس کے علاقے ایتمار میں بھی صیہونی فوجیوں کے خلاف فلسطینی مجاہدین کی کاروائی میں ایک صیہونی فوجی زخمی ہو گیا۔ان ذرائع‏ نے پیر کے روز ہی نابلس کے تین علاقوں میں اسرائیل فوجیوں پر حملہ ہونے کی خبر دی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق ایک حملے میں غرب اردن میں صیہونی علاقوں کی کونسل کے چیئرمین یوسی دغان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں یہ صیہونی عہدیدار زخمی ہو گیا۔

غرب اردن کے مختلف علاقے منجملہ نابلس، جنین، رام اللہ اور بیت المقدس اس وقت فلسطینی مجاہدین اور غاصب صیہونی فوجیون کے درمیان لڑائی کا میدان بنے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ غرب اردن میں استقامت کا پھیلتا ہوا دائرہ غاصب صیہونی حکومت کے لئے ڈراؤنا خواب بن گیا ہے جس سے صیہونی حکام کی نیندیں اڑ گئی ہیں ۔

غاصب صیہونی فوجی آئے دن مختلف بہانوں سے فلسطینیوں کو شہید، زخمی اور گرفتار کرتے رہتے ہیں جبکہ فلسطینی بھی صیہونی مخالف کارروائیاں انجام دے کر ان کے جارحانہ اور دہشتگردانہ اقدامات کا جواب دیتے ہیں۔

فلسطینی مجاہدین کی دلیرانہ کارروائیوں سے خائف ہو کر غاصب صیہونی فوجی سیکورٹی کے لحاظ سے اب خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں جس کی بنا پر غاصب صیہونی حکومت کے لئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔

ٹیگس