جہاد اسلامی کے یوم تاسیس پر مختلف ملکوں میں تقریبات
جہاد اسلامی فلسطین کے پینتیسویں یوم تاسیس کے موقع پر غزہ، غرب اردن، لبنان اور شام میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس درمیان حماس نے جہاد اسلامی فلسطین کے یوم تاسیس کے موقع پر کہا ہےکہ جہاد اسلامی نے فلسطین کی آزادی کے لئے جو صحیح راستہ اپنایا تھا وہ اس پر بدستور قائم ہے
تحریک جہاد اسلامی اسرائیل کے خلاف قائم استقامتی محاذ کا ایک اہم ستون شمار ہوتی ہے۔ یہ تحریک غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ ہرقسم کے گٹھ جوڑ اور مذاکرات کی مخالف ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت جب اسرائیل نے سرزمین فلسطین کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر رکھا ہے، سفارت کاری لاحاصل ہی نہیں بلکہ مسلح جہاد کو نقصان پہنچانے کا سبب بن رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک جہاد اسلامی اب تک سیاسی میدان میں اترنے سے گریزاں رہی ہے اور حتی سن دوہزار چھے کے پارلیمانی انتخابات میں بھی اس نے حصہ نہیں لیا۔ صیہونی حکومت بھی اچھی طرح جانتی ہے کہ تحریک جہاد اسلامی کے ساتھ کسی بھی قسم کے سمجھوتے اور معاہدے کے تمام راستے بند ہیں ۔
دوسری اہم بات یہ ہے کہ جہاداسلامی کی قیادت کونسل کے بعد القسام بریگیڈز کے نام سے قائم اس کی فوجی شاخ نہ صرف تحریک جہاد اسلامی کا اہم ترین ستون ہے بلکہ استقامتی محاذ کا بھی طاقتور بازو شمار ہوتا ہے ۔ اس تنظیم کے اہم کمانڈر شروع ہی سے امریکہ اور اسرائیل کی ہٹ لسٹ پر رہے ہیں اور گزشتہ اگست میں جہاد اسلامی کے فوجی بازو سرایا القدس کے کمانڈر تیسیر الجعبری کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر شہید کردیا گیا تھا۔
تمام تر دباؤ اور دہشت گردی کا سامنا کرنے کے باوجود تحریک جہاد اسلامی فلسطین اپنی عسکری اور دفاعی طاقت میں مسلسل اضافہ کرتی جارہی ہے اور دو روز قبل اس تنظیم کے جوانوں نے پینتیسویں یوم تاسیس کے موقع پر انجام پانے والی پریڈ اور روڈ شو میں، اپنے تیار کردہ جدید ترین راکٹوں اور میزائلوں کی نمائش بھی کی ہے۔
تحریک جہاد اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پر اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری نے بھی اس تنظیم کو خالص جہادی اور اسلامی تحریک قرار دیا۔
جہاد اسلامی فلسطین کی تاسیس کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے نائب سربراہ کا کہنا تھا کہ شہید فتحی شقاقی نے جب سے جہاد اور مزاحمت کا پرچم بلند کیا ہے، اس وقت سے آج تک یہ تحریک اپنے اصولوں پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک جہاد اسلامی ایک خالص جہادی اور اسلامی تحریک ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چھے اکتوبر فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کا یوم تاسیس ہے۔ اگرچہ اس تحریک کے قیام کا باضابطہ اعلان چھے اکتوبر انیس سو ستاسی کو کیا گیا تھا لیکن اس کی داغ بیل سن ستر کےعشرے میں مصری یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم فلسطینی طلبا کے ایک گروپ نے ڈالی تھی جن میں شہید فتحی شقاقی سرفہرست تھے۔