عوامی مزاحمت سے اسرائیل میں گھبراہٹ، بیت المقدس چھاؤنی میں تبدیل
اسرائیلی ریزرو فورسز کی 4 بریگیڈز مقبوضہ بیت المقدس میں تعینات کر دی گئيں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے صیہونی حکومت کے حملوں کا سامنا کرنے کے بعد صیہونیوں نے اپنی ریزرو فورسز کی چار بریگیڈز بیت المقدس میں تعینات کر دی ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں پر جمعرات کے روز چھاپے مارے اور عوامی مزاحمتی آپریشن میں شرکت کے بہانے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ نابلس کے جنوب میں واقع "حوارہ" میں موجود فلسطینی نوجوانوں، صہیونی فوجیوں اور اسرائیلی آباد کاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔
ان واقعات کے جواب میں صیہونی حکومت کے داخلی سیکورٹی کے وزیر "عومر بارلو" نے حکم دیا ہے کہ اسرائیلی ریزرو فورسز کی چار بریگیڈز فلسطینی عوام کی سرکوبی کے لیے مقبوضہ بیت المقدس میں اس حکومت کی پولیس فورس کے ساتھ تعاون کریں گی۔
دریں اثنا صیہونی فوجیوں نے جنین کے مغرب میں واقع گاؤں رمانہ میں فلسطینی قیدیوں اسعد الرفاعی اور صبحی صبیحات کے گھروں پر حملہ کیا جس کے بعد فلسطینی مجاہدین اور صیہونیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔