Oct ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • نابلس میں صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا مقابلہ

فلسطین کی تحریک استقامت کے مجاہدین نے غرب اردن کے شہر نابلس کے مغرب میں واقع ایک علاقے پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا اور ان پر جوابی فائرنگ کی

سحر نیوز/ عالم اسلام فلسطین الیوم کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک  استقامت کے مجاہدین نے بدھ کے روز نابلس کے مغرب میں واقع علاقے المخفیہ پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے ان پر فائرنگ کی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ المخفیہ کے بعض علاقوں میں عمارتوں پر صیہونی حکومت کے فوجی اسنائپر تعینات ہو گئے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے اسی طرح فلسطینی قیدی مصطفی عودہ کے معمر والد محمود عودہ کو گرفتار کرلیا ہے ان کے بیٹے اور مصطفی عودہ کو پہلے ہی صیہونی فوجی گرفتار کرکے جیل  میں قید کرچکے ہیں  
غرب اردن کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے نابلس کے مغرب میں واقع علاقے المخفیہ کے ایک رہائشی مکان پر حملہ کیا اور ایک فلسطینی جوان کو گرفتار کر لیا اور پھر واپس چلے گئے۔
غاصب صیہونی حکومت اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کی غرض سے آئے دن مختلف فلسطینی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتی رہتی ہے جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہو جاتی ہے اور یا پھر متعدد فلسیطنیوں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے جبکہ  صیہونی حکومت کے جاری وحشیانہ جرائم اور مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کے  پرحملہ اور غاصب صیہونیوں کے حملوں کے جواب میں فلسطینیوں کی جوابی کارروائی ایک فطری ردعمل ہے ۔ 
فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے بھی ایک بیان میں غاصب صیہونی حکومت کے سیاسی، فوجی اور سیکورٹی نظام کو درہم برہم کرنے کے لئے فلسطینیوں کی کاروائیوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے غاصب صیہونی فوجیوں کے مقابلے میں فلسطینیوں میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے صیہونیت مخالف کاروائیاں بھی جاری رکھنے   کی ضرورت ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے کہا کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کے سلسلے میں  استقامتی محاذ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مکمل نظر رکھے اور اپنے فرائض پر عمل کرے۔
انھوں نے کہا کہ فلسطین کی تحریک استقامت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے سے کبھی گریز نہیں کرے گی۔
  

ٹیگس