Nov ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدین نے اسرائیل کی نابودی کا عمل شروع کردیا

تحریک مجاہدین فلسطین نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کے بیت المقدس آپریشن نے اسرائیل کی کمزوری کو پوری طرح عیاں کردیا ہے۔ دوسری جانب حماس نے اسرائیل کی نابودی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

فلسطین کی تحریک مجاہدین نے جمعرات کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں بیت المقدس آپریشن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرزمین فلسطین سے صیہونیوں کی مکمل بے دخلی تک مزاحمت کے شعلے بھڑکتے رہیں گے۔
بیان میں آیا ہے کہ مجاہدین کی جانب سے مزاحمت کے جدید ترین طریقوں کی ایجاد نے صیہونی حکومت کے سیکورٹی نظام پر کاری ضربیں لگائی ہیں ۔
بیان کے مطابق یہ جرات مندانہ اقدام، فلسطینی عوام کی انقلابی تحریک میں جوش اور ولولہ عطا کر ے گا اور صیہونی حکومت اس کی فوج اور سیکورٹی اداروں کے لیے نیا چیلنج بن کر ابھرے گا۔ 
تحریک مجاہدین فلسطین نے جرائم پیشہ غاصبوں کو ہر ممکن طریقے سے ہدف بنانے اور تحریک مزاحمت کا دائرہ مزید پھیلانے کی اپیل کی ہے۔ 
قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز مقبوضہ بیت المقدس کے مغربی علاقے میں ہونے والے دو دھماکوں میں، دو صیہونی ہلاک اور سینتالیس دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب غاصب صیہونی فوجیوں نے مزید دو فلسطینی نوجوانوں کو جارحیت کا نشانہ بنا کر شہید کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا ایک بائیس سالہ فلسطینی نوجوان زخموں کا تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔
دوسرا فلسطینی نوجوان بھی، جو دو ماہ قبل، فلسطینی مجاہدین کے خلاف اسرائیلی فوج کے دہشت گردانہ حملے میں شدید زخمی ہوگیا تھا بدھ کے روز شہید ہوگیا۔ 
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مذکورہ دونوں نوجوانوں کی شہادت پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام، ان کے مقدسات اور خاص طور سے مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات نیز ہمارے نوجوانوں کی یکے بعد دیگرے شہادت، انقلاب کے شعلوں کو مزید بھڑکائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی نابودی اور سرزمین فلسطین پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ 

ٹیگس