ترکیہ کے حملوں کا مقابلہ کرنے کیلئے شام کی منصوبہ بندی
شام کی فوج نے ترکیہ کی جانب سے زمینی حملے شروع کرنے سے متعلق دھمکی آمیز بیان کے بعد شمالی سرحد پر اپنی فوجی قوت بڑھانے اور جدید ترین ہتھیار بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے ترکیہ کی بری فوج کا مقابلہ کرنے کیلئے صوبہ حلب کے سرحدی شہروں تل رفعت اور عین العرب میں ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور جدید ترین ہتھیاروں سمیت سیکڑوں فوجیوں کو تعینات کیا ہے تاکہ ترکیہ کے ممکنہ زمینی حملوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران ترکیہ کی فوج اور اس سے وابستہ آلہ کار نیم فوجی ملیشیا نے شمالی الرقہ اور عالمی شاہراہ پر حملے کر کے اسے نقصان پہنچایا۔
ترک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے بہانے شمالی اور شمال مشرقی شام کے متعدد علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ عراق اور شام کی حکومتیں اپنی سرحدوں کے اندر ترکیہ کے فوجی اقدامات کو جارحیت قرار دے کر اُسے غیرقانونی قرار دے چکی ہیں تاہم ابھی تک انقرہ نے بغداد اور دمشق کے احتجاج پر کان نہیں دھرے ہیں اور وہ بدستور دونوں ممالک میں اپنے جارحانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔