فلسطین، قطر ورلڈ کپ کا اصل چیمپین
صیہونی اخبار ہاآرتص نے لکھا ہے کہ قطر ورلڈ کپ کا اصل چیمپین فلسطین ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق، صیہونی اخبار ہاآرتص سے وابستہ صحافی عوزی دان نے جمعے کو کہا ہے کہ قطر ورلڈ کپ میں عربوں نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے سب سے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔
دان نے کہا کہ قطر میں سب سے زیادہ لہرایا جانے والا پرچم فلسطین کا رہا اور اسٹیڈیموں کے اندر اور باہر، میٹرو اور شاہراہوں پر حالات فلسطین سے اظہار یکجہتی اور فلسطینیوں کے حق میں دیکھے گئے۔
صیہونی صحافی عوزی دان نے کہا کہ یہ صورتحال حتی عرب ممالک کی ٹیموں کی شکست کے بعد بھی دیکھی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ ورلڈ کپ 2022 پہلے دن سے فلسطین کی حمایت کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے جسے عالمی میڈیا میں بھی بڑے پیمانے پر کوریج حاصل ہوئی۔
فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت صرف عرب ٹیموں اور ان کے حامیوں تک محدود نہیں رہی بلکہ دنیا بھر سے آئے ہوئے فٹبال شائقین کی بڑی تعداد نے فلسطینی کاز سے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔
صیہونی صحافیوں اور رپورٹروں کو بھی جس ذلت کا سامنا کرنا پڑا اسے بھی دنیا نے ان مقابلوں کے دوران دیکھا اور اب بھی اس کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔