اپنی پالیسی کو فوری طور پر بدلو، اقوام متحدہ کا طالبان سے مطالبہ
سلامتی کونسل نے طالبان کی جانب سے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کو نشانہ بنانے والی سخت پالیسیوں کے خوفناک نتائج کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ برسر اقتدار طالبان اپنی پابندیوں کو فوری طور پر منسوخ کریں۔
سحر نیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے افغانستان میں خواتین پر عائد پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے طالبان حکومت سے پالیسیاں بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یو این کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ خواتین پر پابندیاں عالمی برادری کی توقعات کے برخلاف ہیں، افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کو مساوی اور بامعنی نمائندگی دی جائے۔
سلامتی کونسل کے بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں اسکول کھولے جائیں، نئی پالیسی اور اقدامات واپس لیے جائیں۔
سلامتی کونسل نے خواتین کے این جی اوز کیلئے کام کرنے پر عائد پابندی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے طالبان حکومت سے خواتین اور لڑکیوں پر پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز افغان حکمرانوں نے خواتین کے غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔ طالبان اس سے قبل خواتین کے لیے یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم اور لڑکیوں کے لیے سیکنڈری سطح پر اسکول کی تعلیم کو معطل کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان نے خواتین کے این جی اوز کیلئے کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ لڑکیوں کیلئے یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے دروازے بھی بند کردیئے گئے ہیں۔