فلسطینیوں نے صیہونیوں کو پسپائی پر مجبور کردیا
فلسطینی مجاہدین نے شدید مزاحمت سے کام لیتے ہوئے، غاصب صیہونی فوجیوں کو جنین شہر سے پسپائی اختیار پر مجبور کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہفتے کی صبح سویرے جنین شہر پر قابض صہیونی افواج کے حملے کے بعد استقامتی محاذ کے جوانوں نے پوری قوت کے ساتھ ان کا مقابلہ کیا۔
فلسطینی مجاہدین کی مسلح مزاحمت کے بعد غاصب صیہونی فوجی جنین پر حملے سے دستبردار اور علاقے سے پسپا ہوگئے۔
مقامی ذرائع نے اعلان کیا کہ استقامتی محاذ کے فلسطینی مجاہدین نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع علاقے قلندیہ میں ایک اسرائیلی چیک پوسٹ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق فلسطینی مجاہدین نے ہفتے کی صبح الخلیل کے شمال میں العروب کیمپ کے قریب صیہونی فوج کے ایک مرکز کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
اس کارروائی کی ویڈیو فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی فوجی مرکز پر پیٹرول بموں سے حملے کے بعد آگ لگ گئی ہے۔
قدس الاخباریہ ویب سائٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران مغربی کنارے میں دو سو ایک صیہونیت مخالف کارروائیاں انجام دی گئی ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں تین فوجی اور صہیونی انتہا پسند زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ رواں ہفتے مغربی کنارے پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں کے دوران چار فلسطینی نوجوان شہید ہوئے ہیں۔
صیہونی فوجی اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لیے روزانہ فلسطین کے مختلف علاقوں پر حملے کرتے ہیں اور جھوٹے دعووں کے ساتھ فلسطینیوں کو گرفتار، زخمی یا شہید کرتے ہیں ۔ استقامتی محاذ کے جوان بھی مسلح کارروائیوں کے ذریعے صیہونی حکومت کے جرائم کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔
ستّر سال سے زائد عرصے سے غاصب صیہونی حکومت مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق پامال کرکے ان کے خلاف انتہائی وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
دوسری جانب صہیونی پولیس نے نماز جمعہ کے بعد فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں اور مزاحمتی گروپوں کی کارروائیوں کے خدشات کے پیش نظر مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
صیہونی حکومت کی تشویش کی ایک بڑی وجہ نوتاسیس شدہ مزاحمتی گروپ عرین الاسود کا حالیہ بیان ہے جس میں اسرائیلی کابینہ کے انتہا پسند وزیر ایتمار بن گویر مسجد الاقصی پرحملے کے بعد عوام سے صیہونیوں کے خلاف اٹھ کھڑنے ہونے کی اپیل کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق تل ابیب اور مغربی کنارے میں الرٹ جاری ہونے کے بعد ان علاقوں میں صیہونی فوجیوں کی بڑی تعداد کو تعینات کردیا گیا ہے۔