صیہونی فوجیوں پر شہدائے الاقصیٰ بٹالین کا حملہ
شہدا ئے الاقصیٰ بٹالین کےجوانوں نے مغربی کنارے کے شہر اریحا پر حملے کے دوران غاصب صیہونی حکومت کی فوج کو جوابی حملے کا نشانہ بنایا
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین الیوم نیوزویب سائٹ کے مطابق، صیہونی حکومت کی افواج نے جمعہ کی علی الصبح اریحا شہر پر حملہ کیا جہاں مقبوضہ مغربی کنارے میں اس شہر کے جنوب میں واقع عقبہ جبر کیمپ کے داخلی راستے پر فلسطینی نوجوانوں نے ان کا راستہ روک دیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اس حملے میں قابض فوج نے فلسطینیوں کے خلاف آنسو گیس اور صوتی بموں کا استعمال کیا۔
اس حوالے سے شہدائے الاقصیٰ بٹالین کےجاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے مجاہدین نے اریحا شہر پر حملے کے دوران غاصب فوجیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
اس واقعے کے بعد غاصب صیہونی فوجیوں نے عقبہ جبر کیمپ کے جنوبی علاقے کی بلندیوں پر روشنی کے گولے برسائے اور جاسوسی کے لیے ڈرون طیارے بھیجے۔
قابل ذکر ہے کہ غاصب اسرائیلی فوجیوں نے مسلسل چھے روز سے اریحا شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے اور جگہ جگہ فوجی چوکیاں اور سیمینٹ کے بلاکس لگا کر شہر کے تمام اصلی اور ذیلی راستے بند کر دیئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہزاروں فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کے سخت حفاظتی اقدامات اور بارش کے باوجود نماز صبح مسجد الاقصیٰ میں ادا کی۔