Mar ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • قیامت تک جہاد اور مزاحمت جاری رہے گی: جہاد اسلامی

تحریک جہاد اسلامی کے ایک سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ فلسطین میں جہاد اور مزاحمت کا دروازہ قیامت تک کھلا رہے گا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے سیاسی دفتر کے رکن خالد البطش نے مزاحمت پر دباؤ ڈالنے کے لیے امریکہ اور صیہونی حکومت کی تمام کوششوں کو بے سود قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مزاحمت کا محاصرہ اور سیکورٹی اجلاسوں کے ذریعے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا بے سود ہے کیونکہ یہ تحریک، فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی اور اسرائیل کو سیکورٹی فراہم کرنے والے تمام اقدامات کو مسترد کرتی ہے اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

فلسطینی ذرائع ابلاغ کو دستیاب پریس ریلیز میں البطش نے تاکید کی کہ رامز عبید کی شہادت پسندانہ کاروائی اور خالد شولان کی شہادت کی برسی کے موقع پر ہم شہداء کے خون سے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غاصب حکومت کے خلاف جنگ کا سلسلہ جاری رہے گا جس طرح سے جنین بٹالین اور مقبوضہ مغربی کنارے کے باقی مزاحمتی گروپوں نے اسے مجسم کیا ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ فلسطین میں جہاد اور مزاحمت کا دروازہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو قیامت تک قائم رہے گا اور جب تک فلسطین سمیت ہمارے وطن کو کوئی خطرہ لاحق رہے گا اور اس قوم کے آزاد لوگ شمشیر بکف رہیں گے۔

فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے رہنما نے کہا کہ اپنے جہادی منصوبے کے ساتھ تحریک جہاد اسلامی نے اپنی مہم میں اضافہ کیا ہے اور غزہ پٹی میں اپنی میزائل صلاحیتوں کو مضبوط بنا کر خود کو منظر عام پر لانے میں کامیاب رہی ہے۔

ٹیگس