May ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • صیہونی پرچم ریلی ، نامہ نگاروں پر حملہ، کئی زخمی

مقبوضہ فلسطینی علاقے میں ہزاروں صیہونیوں نے پرچم ریلی میں شرکت کے دوران نامہ نگاروں پر حملہ کیا اور نسل پرستانہ نعرے لگائے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: پندرہ مئی انیس سو اڑتالیس کو ناجائز صیہونی حکومت کے قیام کے اعلان کے بعد قدس شہر کا مغربی حصہ اس ناجائز حکومت کے قبضے میں اور مشرقی حصہ اردن کے کنٹرول میں آگیا لیکن آخرکار عربوں اور صیہونی حکومت کے درمیان چھے روز جنگ اور ناجائز صیہونی حکومت کی اس میں کامیابی کے بعد چھے جون انیس سو سڑسٹھ کو مشرقی حصے کو بھی قدس کے مغربی حصے میں شامل کر دیا گیا۔ ہر سال صیہونی اس دن جشن مناتے ہیں۔
عرب 48 نیوز ویب سائٹ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ناجائز صیہونی آبادکاروں نے پرچم ریلی کی کوریج کرنے اور رپورٹ بنانے والے بعض نامہ نگاروں پر پتھروں اور شیشے کی بوتلوں سے حملہ کیا جس سے کئی نامہ نگار زخمی ہوگئے۔
اس رپورٹ میں آیا ہے کہ اس ریلی میں پرچموں کے رقص کا پروگرام منعقد کیا گیا اور صیہونی آبادکاروں نے اس اشتعال انگیز اقدام کے بعد فلسطینیوں کو قدس سے باہر نکالنے کا مطالبہ کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق اشتعال انگیز پرچم ریلی میں "عرب مردہ باد" اور "تمھارے گاؤں جل جائیں" جیسے اشتعال انگیز اور عرب قوم کے خلاف نسل پرستانہ نعرے لگائے گئے۔
صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ کے کئی ارکان اور وزرا خاص طور پر صیہونی حکومت کی کابینہ کے ایک انتہاپسند وزیر اور داخلی سیکورٹی کے وزیر ایتمار بن گویر نے بھی اس اشتعال انگیز ریلی میں شرکت کی۔
درایں اثنا صیہونیوں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں کی مختلف جھڑپوں میں نابلس میں رہنے والے اڑتیس فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اس رپورٹ میں آیا ہے کہ پینتیس دیگر فلسطینی بھی آنسو گیس کی وجہ سے دم گھٹنے کا شکار ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجی نابلس کے کئی محلوں اور فلسطینیوں کے گھروں میں داخل ہوگئے اور ان کی تلاشی لی۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے ان جھڑپوں کے دوران حقیقی جنگی گولیوں اور آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ دوسری جانب فلسطینی شہریوں نے صیہونی فوجی گاڑیوں کا راستہ روکا اور شیشوں اور پتھروں سے ان پر حملہ کیا۔
فلسطین کے اعداد و شمار اور اطلاعات کے مرکز نے بھی کہا ہے کہ فلسطین کی مزاحمتی فورسز نے بھی دریائے اردن کے مغربی کنارے اور مقبوضہ قدس کے علاقے میں صیہونیوں کے خلاف کئی جوابی کارروائیاں انجام دی ہیں۔
اس رپورٹ میں آیا ہے کہ مزاحمتی فورسز نے یہ کارروائیاں الشیخ الجراح محلے، شعفاط کیمپ اور قدیم محلے میں انجام دی ہیں اور مزاحمتی فورسز نے صیہونیوں کے حملوں کا مقابلہ کیا ہے۔

ٹیگس