Jul ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  • اسرائیل میں خانہ جنگی شروع ہونےکے آثار نمایاں

اسرائیل میں خانہ جنگی شروع ہونے کے آثار نمایاں ہو گئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی حکومت کے میڈیا سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدالتی قوانین میں ترمیم کی منظوری کے بعد قابض اسرائیل کی آبادی کی اکثریت کو خانہ جنگی شروع ہونے کا خوف لاحق ہو گیا ہے۔

صیہونی حکومت کی جانب سے متنازعہ بل کی منظوری کے بعد مظاہروں کا دائرہ ایٹمی شعبے تک پھیل گیا ہے اور اسرائیل کے بعض ایٹمی ماہرین اس متنازعہ بل کی منظوری کے بعد استعفی دینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

قابض اسرائیلی عدلیہ کے خلاف متنازعہ بل کی منظوری کے بعد ایسا لگتا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں داخلی بحران کم از کم آئندہ چند مہینوں تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز غاصب صیہونی پارلیمنٹ نے متنازع عدالتی اصلاحات ترمیمی بل منظور کر لیا، ترمیمی بل کی منظوری سے سپریم کورٹ کے چند اختیارات کو محدود کر دیا گیا ہے۔

بل پر ووٹنگ کے دوران ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے پارلیمنٹ کی عمارت کا گھیراؤ بھی کیا جبکہ اسرائیلی پولیس نے وزیر خزانہ کے گھر کا گھیراؤ کرنے کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔

خیال رہے کہ عدالتی اصلاحات سے متعلق ترمیم بل پر حکومت کو شدید عوامی مزاحمت کا سامنا ہے اور مختلف شہروں میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کی دائیں بازوں کی سخت گیر حکومت نے رواں برس جنوری میں سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود کرنے کے لیے بل لانے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس