مسجدالاقصیٰ اور بیت المقدس کے دفاع کے لئے ہماری انگلیاں بندوقوں کے ٹریگر پرہیں: استقامتی محاذ
انتہا پسند صیہونیوں کی جانب سے غاصب اسرائیلی فوجیوں کی پشتپناہی میں مسجدالاقصیٰ کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنائے جانے پر استقامتی محاذ نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انتہا پسند صیہونیوں نے مسجدالاقصیٰ میں گھس کر اسلام کے خلاف نعرے لگائے اور ہارن بجائے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اس سے قبل مسجدالاقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے دشمنانہ اقدامات کے سلسلے میں کہا تھا کہ فلسطین کے عوام کسی بھی طرح صیہونی حکومت کو مسجدالاقصیٰ کے کسی بھی حصے پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
فلسطینی استقامتی گروپوں نے اس قسم کی جاری جارحیت پر اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام غاصبوں کے سامنے تمام میدانوں میں ان کے ہر طرح کے جرائم کا مقابلہ کریں گے اور ان کے خلاف ڈٹ جائیں گے نیز مسجدالاقصیٰ و بیت المقدس کے دفاع کے لئے ان کی انگلیاں ہمیشہ بندوقوں کے ٹریگر پر رہیں گی۔
واضح رہے کہ بیت المقدس شہر میں ہی مسجدالاقصیٰ واقع ہے جو مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے اور یہ فلسطین کا اٹوٹ حصہ ہے جو مسلمانوں کے تین اہم ترین و مقدس ترین مقامات میں شمار ہوتی ہے۔
مسجدالاقصیٰ جو شہر بیت المقدس میں اسلامی فلسطینی تشخص کی اصلی علامت ہے ہمیشہ صیہونیوں کی جارحیتوں کی زد پر رہتی ہے اور غاصب صیہونی حکومت یہاں مسلسل تخریبی وتباہ کن کارروائیاں انجام دیتی رہتی ہے۔