Sep ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • افغانستان میں داعش کی بڑھتی طاقت سے تشویش

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں داعش کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ دہشت گرد گروہ خطے کے لیے بھی خطرناک ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں داعش دہشت گرد گروہ کی خراسان شاخ کی سرگرمیاں تشویشناک ہیں۔

سیکورٹی کونسل کے بیان کے مطابق افغانستان میں داعش کے جنگجوؤں اور ان کے خاندان کے افراد کی تعداد 4000 سے 6000 کے درمیان بتائی جاتی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی طرف سے شائع کردہ یہ اعداد و شمار ماضی کے مقابلے میں اضافہ کو ظاہر کرتے ہیں۔

اس سے قبل بعض رپورٹس میں افغانستان میں داعش کے ارکان اور ان کے خاندان کی تعداد 3500 بتائی گئی تھی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ داعش دہشت گرد گروہ صرف افغانستان کے لیے ہی نہیں بلکہ خطے اور افغانستان کی سرحدوں سے باہر کے دیگر ممالک کے لیے بھی خطرناک ہے۔

افغانستان کے پڑوسی ممالک میں داعش کا سب سے مہلک حملہ اس سال 30 جولائی کو ہوا جب اس نے پاکستانی شہر باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام پارٹی کی انتخابی ریلی کو نشانہ بنایا۔

اس حملے میں کم از کم 63 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

داعش کی خراسان شاخ نے جنوری 2015 میں افغانستان میں اپنی موجودگی کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس