Oct ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • حضرت رسولۖ اور فرزند رسولۖ کی ولادت باسعادت کا جشن

دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی (ص) اور صادق آل محمد حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوات و السلام کی ولادت باسعادت کا جشن عقیدت و احترام اور مذھبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: رپورٹوں کے مطابق دنیا کے دیگر ملکوں کی مانند اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی یوم ولادت کی مناسبت  سے جشن و مسرت کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

اس پر برکت موقع کی مناسبت سے ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں بالخصوص مشھد مقدس، قم ، اصفہان ، شیراز اور تہران میں جشن و مسرت کی تقریبات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ خوشی کے اس مبارک موقع پر مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا (ع) اور قم میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضوں پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے- ان تقریبات میں علماء و ذاکرین گزشتہ رات سے رسول اسلام (ص) اور حضرت امام جعفرصادق (ع) کی سیرت طیبہ پر روشنی اور فضائل و مناقب بیان کر رہے ہیں۔

ایران اسلامی میں اس موقع پر اتحاد بین المسلمین کے دلفریب مناظر بھی نظر آ رہے ہیں کیونکہ شیعہ سنی مسلمان مل کر حضرت ختمی مرتبت اور صادق آل محمد (ع) کی ولادت باسعادت کا جشن منا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔ تہران کے عوام کی جانب سے بھی اس مبارک موقع کی مناسبت سے جگہ جگہ نذر و نیاز اور مٹھائی و شربت کا اہتمام کیا گیا  ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اہلسنت 12 ربیع الاول کو رسول اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا یوم ولادت باسعادت مناتے ہیں جبکہ شیعہ مسلمانوں کی روایت کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت 17 ربیع الاول ہے۔  بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) نے اتحاد بین مسلمین کو فروغ دینے کی غرض سے بارہ سے سترہ ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کا نام دیا ہے اور ایران اور دنیا کے مختلف ممالک میں اسی مناسبت سے 12 ربیع الاول سے لے کر 17 ربیع الاول تک مختلف تقریبات اور کانفرنسوں کا انعقاد ہوتا ہے اور تہران میں منعقدہ سینتیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس  کل بروز پیر مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دینے کے بیان کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔
سحر عالمی نیٹ ورک اپنے سامعین، ناظرین اور کرم فرماؤں کی خدمت میں ہفتہ وحدت اور خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی (ص) اور صادق آل محمد حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوات و السلام کی ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس