Oct ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۹ Asia/Tehran
  • شامی فوج کا ادلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بڑا حملہ

شام کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ شامی فوج نے ادلب کے مضافات میں دہشت گرد گروہوں کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فارس نیوز کے مطابق شامی فوج نے ملک کے شمال میں صوبہ ادلب کے مضافات میں دہشت گرد گروہوں کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔

شام کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ فوج نے ادلب کے مضافات میں دہشت گردوں کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا اور شمالی حلب کے مضافات میں دو ڈرونز کو مار گرایا۔

المیادین چینل کے مطابق شام کی وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماۃ اور ادلب کے نواحی علاقوں میں دیہاتوں، قصبوں اور شامی فوج کے ٹھکانوں پر دہشت گرد گروہوں کے پے درپے حملوں کے جواب میں فوج نے دہشت گردوں کے ہیڈ کوارٹر ، ان کی قلعہ بندی اور توپ خانے کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں دہشت گردوں کے ہیڈ کوارٹر قلعے بندی اور ان کے مارٹر گولوں کو تباہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں انصار التوحید دہشت گرد گروہ سے تعلق رکھنے والے متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔

شام کی وزارت دفاع کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شامی فوج نے حلب کے شمالی مضافات میں دو دہشت گرد ڈرونز کو مار گرایا جو شامی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

ٹیگس