Oct ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۳:۴۵ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت نے اپنی شکست کا اعتراف کر ہی لیا

قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی داخلی سلامتی کے ادارے"شاباک" کے سربراہ رونین بار نے بالآخر اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ الاقصی آپریشن میں انٹیلی جنس کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق، غاصب صیہونی حکومت کی اندرونی سلامتی کی تنظیم شاباک کے سربراہ رونین بار نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہفتہ 7 اکتوبر کو ہونے والے طوفان الاقصی آپریشن کی خفیہ معلومات حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔ انھوں نے شاباک کے اہلکاروں کے نام ایک پیغام میں کہا کہ تمام تر اقدامات عمل میں لائے جانے کے باوجود طوفان الاقصی آپریشن کو ناکام نہیں بنایا جا سکا ہے۔

رونین نے کہا کہ وہ شاباک کے سربراہ کی حیثیت سے طوفان الاقصی کے مقابلے میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں ۔ صیہونی وزیر خزانہ نے بھی کل رات ایک بیان میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے آپریشن میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سر جھکا کر شکست کا اعتراف کرنا چاہئے۔

الاقصیٰ طوفانی آپریشن 11ویں روز میں داخل ہوگیا ہے جب کہ استقامتی محاذ کے جانبازوں کے حملوں کے سامنے بے بس صیہونی حکومت صرف غزہ کے رہائشی علاقوں، اسپتالوں اور مساجد پر بمباری کررہی ہے، اور صیہونی حکومت کی جاری جارحیت میں اب تک 2 ہزار 808 فلسطینی شہید اور 10 ہزار859 زخمی ہو چکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

ٹیگس