غزہ کی تازہ ترین صورتحال، اسرائیلی جارحیت میں 19 ہزار فلسطینی شہید و زخمی
غزہ میں محکمہ صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں پانچ سو مزید فلسطینی جارح اسرائیل کے حملوں میں شہیدہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق غزہ پر جارح اسرائیل کے ہوائی اور توپخانے کے حملوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید پانچ سو فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔ صیہونی حکومت بدستور غزہ کے مختلف علاقوں پر حملے کر رہی ہے اور یہ حملے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بہت شدت اختیار کرگئے ہیں ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ کے شمال میں جبالیا کیمپ پر شدید بمباری کی ہے۔ اس بمباری میں تیس فلسطینی شہید ہو گئے جن میں بیشتر بچے شامل ہیں۔اتوار کے روز صیہونی وحشیانہ جارحیت میں کم سے کم چار سو فلسطینی شہید ہوئے جن میں بیشتر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔ الاقصی اسپتال نے بھی اعلان کیا ہے کہ اسپتال میں آنے والے شہید و زخمی فلسطینیوں میں پینسٹھ فیصد بچے شامل ہیں۔
دوسری جانب فلسطین کی وزارت صحت نےاعلان کیا ہے کہ غزہ پر صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھکر چار ہزار سات سو اکتالیس ہو گئی ہے جن میں ایک ہزار آٹھ سو تہتر بچے، ایک ہزار تئیس عورتیں اور ایک سو ستاسی سن رسیدہ افراد شامل ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی جارحیت میں اب تک چودہ ہزار دو سو پینتالیس عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ غاصب و ظالم اور جعلی و غیر قانونی صیہونی حکومت غزہ میں رہائشی علاقوں مساجد، طبی مراکز، اسپتالوں اور بنیادی تنصیبات پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے اس علاقے کی بجلی و پانی منقطع کرنے کے علاوہ اس علاقے کا محاصرہ کر کے دواؤں اور غذائی اشیا کی منتقلی پر پابندی لگا رکھی ہے جس سے غزہ میں انسانی المیہ رونما ہوتا جا رہا ہے جبکہ عالمی ادارے اس افسوسناک صورت حال پر اپنا موثر ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے صرف تماشائی بنے ہوئے ہیں۔