Oct ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • علاقہ بارود کے ڈھیر پر ہے: اسماعیل ھنیہ

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ غزہ کے خلاف جاری غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کے سبب پورے علاقے کا کنٹرول ہاتھ سے نکل جائے گا اور اس وقت بھی یہ علاقہ بارود کے ڈھیر پر ہے-

سحرنیوز/ عالم اسلام: اسماعیل ہنیہ نے ایک تقریر میں کہا ہے کہ غزہ کے عوام کا خون، مزاحمت اور القسام بٹالین کے ساتھ مل کر دشمن پر فتح حاصل کرے گا۔انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جنگ کے بیسویں دن مزاحمت مکمل طورپر محفوظ اور توانا ہے، مزید کہا کہ صیہونی دشمن کو جو کاری ضرب لگی ہے اور اسے جس ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اس کی وجہ سے وہ ابھی تک سنبھل نہیں سکا ہے-

حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ہم ان تمام اپیلوں اور شجاعانہ مواقف اور اقدامات کے شکرگذار ہیں کہ جنہوں نے عوامی سطح پر فلسطینی عوام کی مزاحمت کے جائز حق کی حمایت کا اعلان کیا ہے- اور ہم رفح کراسنگ کو دوبارہ کھولے جانے اور غزہ کے عوام تک ان کی روزمرہ کی ضروری اشیاء کے غیر مشروط طور پر پہنچائے جانے کا مطالبہ کرتے ہيں-

ٹیگس