غزہ کے واقعات فلسطین کو اس کا حقیقی مقام دلائيں گے: بشار اسد
شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت مغرب کے سامراجی منصوبے کی بنیاد ہے اور غزہ کے واقعات فلسطین کو اس کا حقیقی مقام دلائیں گے-
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کے صدر بشار اسد نے شام کی وزارت خارجہ میں سفارتی کمیٹیوں کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے واقعات اسلامی دنیا میں فلسطین کو اس کا حقیقی مقام دلائیں گے۔ شام کے صدر نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ کئی عشروں سے امریکہ کی پالیسی فوجی کشیدگی اور خلفشار پیدا کرنے پر استوار رہی ہے۔
بشار اسد نے فلسطین کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ غزہ کی جنگ میں ہم اس امر کا واضح نمونہ دیکھ رہے ہیں کہ مغرب ہمیشہ دوسری اقوام اور ممالک کے مفادات کو نقصان پہنچا کر اپنے مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔ شام کے صدر نے مزید کہا کہ غاصب اسرائيل خطے میں مغرب کے سامراجی منصوبے کی بنیاد ہے اور مغرب اس کی مالی ، فوجی اور لاجسٹک مدد کر رہا ہے۔