صیہونیوں کا زمینی حملہ، صیہونی فوج کی شکست کی پردہ پوشی ہے: حماس
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا ہےکہ جارح صیہونی فوج کا غزہ کے خلاف زمینی حملے کامقصد، صیہونی فوج کی شکست خوردہ تصویر کو بہتر بناکر پیش کرنے کی ایک سعی لا حاصل ہے- حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں صیہونی فوجیوں کو بھاری اور مالی نقصان پہنچایا گيا ہے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: القانوع نے کہا کہ جبالیا کیمپ کے باشندوں کا قتل عام اور اس سے پہلے المعمدانی یا الاہلی ہسپتال پر بمباری، مزاحمتی قوتوں کا مقابلہ کرنے میں صیہونی فوجیوں کی ناتوانی و ناکامی اور صیہونی حکومت کی خونریز فکر کی آئینہ دار ہے-القانوع نے مزید کہا کہ فلسطینی مزاحمت اور القسام بریگيڈ کے جوان صیہونی حکومت کے ٹینکوں کے مقابلے میں ڈٹ گئے اور ان کے متعدد ٹینک تباہ کردیئے اور کچھ کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا اور مزاحمتی قوتیں، میدان جنگ میں اپنی بھرپور دفاعی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور ان کو غزہ کے اندر پیشقدمی کی اجازت نہیں دے رہی ہیں اور ان کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لئے پرعزم ہیں-
حماس کے اس ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت گذشتہ پچیس دنوں کے دوران سیاسی اور فوجی لحاظ سے ناکام رہی ہے اور اسے اپنے اہداف کے حصول میں شکست حاصل ہوئی ہے-حماس کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سات اکتوبر کو مزاحمت نے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں جو کارنامہ انجام دیا ہے وہ فلسطینی عوام کی حتمی کامیابی پر منتج ہوگا اور اس آپریشن نے صیہونی فوج اور ان کے کمانڈروں کی کھوکھلی طاقت کو برملا اور ان کو رسوا کردیا ہے-
اس درمیان حماس کے عسکری ونگ القسام کےترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ جبالیہ کیمپ میں شہید ہونے والوں کا خون اور زخمیوں کے زخم یاد رکھے جائیں گے، قتل عام رُکوانے کے لیے عرب اور مسلمان ممالک تاریخی اور فیصلہ کُن مؤقف اختیارکریں. ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ زمینی حملے کے جواب میں تمام محاذوں پر قابض اسرائیلی افواج کے ساتھ لڑائی جاری ہے- انہوں نے کہا کہ اب تک بائیس اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو ٹینک شکن ہتھیاروں سے تباہ کیا جا چکا ہے۔ ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ غزہ دشمن کے سپاہیوں اور ان کی عسکری سیاسی قیادت کا قبرستان بنے گا۔ اور یہ جنگ اس غاصب حکومت کے وزیر اعظم کی سیاسی زندگي کے خاتمے پر بھی منتج ہوگی-
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس جنگ میں پہلی بار بم کا استعمال کیا ہے اور صیہونی ٹینکوں کو نشانہ بنایا ہے ہم نے لڑائی کے دوران دشمن کے متعدد فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتارا ہے اور ان کی ایک بڑی تعداد کو زخمی کیا ہے اور ہمارے میزائل اور راکٹ بدستور دشمن کے حملوں کا جواب دے رہے ہيں-دوسری جانب تحریک حماس نے ایک بیان میں، صیہونی حکومت کے ساتھ سفارتی روابط منقطع کرنے کے بولیویا کے اقدام کو سراہا ہے- اس بیان میں حماس نے ایک بار پھر عرب اور اسلامی ممالک سے اس جارح حکومت سے اپنے تعلقات مکمل طور پر منقطع کرنے کی اپیل کی ہے-واضح رہے کہ بولیویا نے چند گھنٹے قبل اعلان کیا تھا کہ اس نے غزہ میں ہونے والے خونریز واقعات کی وجہ سے صیہونی حکومت سے اپنے تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔