Dec ۱۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۰۹ Asia/Tehran
  • جنین میں غاصب صیہونیوں کی تازہ فوجی جارحیت پر حماس کا ردعمل

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ جنین میں غاصب صیہونیوں کی تازہ فوجی جارحیت، فلسطینی قوم کے خلاف صیہونی حکومت کی انتہا پسند فسطائی کابینہ کی مکمل جنگ کا تسلسل ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: تحریک حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنین میں صیہونی فوجیوں کی بدھ کی جارحیت میں سات فلسطینی شہید اور ایک سو پچاس سے زیادہ گرفتار ہوئے ہیں - حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنین کیمپ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور اس کا مقصد استقامتی تحریک کو ختم کردینا ہے کہ جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔ حماس نے کہا ہے کہ غرب اردن میں بھی فلسطینی عوام غاصب صیہونی حکومت اور غیر قانونی آباد کاروں کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

یا د رہے کہ صیہونی فوجیوں نے بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی جنین پر حملے جاری رکھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنین پر حملے میں صیہونی فوجیوں نے آگ لگانے والے گولے برسائے ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے جنین میں بنیادی شہری تنصیبات کو بھی تباہ کرنے کا اقدام کیا ہے۔ بدھ کو صیہونی فوجیوں کے حملے کے بعد جنین میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں کی سخت لڑائی ہوئی ہے۔صیہونی فوجیوں نے اسی طرح قبلہ اول مسجد الاقصی کے جنوب میں واقع سلوان قصبے کے علاقے راس العامود پر بھی حملہ کیا۔

غاصب صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے حزما نامی قصبے پر بھی حملہ کرکے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ۔قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے ، غزہ پر اپنے فضائی حملے اور جنگی جرائم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ دنوں بارہا غرب اردن اور بیت المقدس میں فلسطینیوں پر حملے کئے ہیں۔

ٹیگس