جارح صیہونی فوج کی بمباری میں اٹھارہ فلسطینی شہید
جنوبی غزہ کے شہر رفح پر جارح صیہونی فوج کی بمباری میں اٹھارہ فلسطینی شہید ہوگئے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رفح کے مرکز اور شمال میں ایک گھر اور ایک اپارٹمنٹ پر صیہونی فوج نے بمباری کردی جس کے نتیجے میں اٹھارہ فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے - دوسری جانب غزہ کے مرکز میں واقع النصیرت کیمپ کو بھی صیہونی فوج نے اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے-بعض رپورٹوں میں جنوبی غزہ کے شہر رفح پر اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کا امکان ظاہر کیا گيا ہے-
صیہونی اخبار یدیعوت احارونوت نے دعویٰ کیا ہے کہ رفح آپریشن کی تیاریاں ہفتے قبل سے شروع ہوگئی تھیں اور فوج نے ایک ایسے منصوبے پر اتفاق کیا ہے جس میں پناہ گزینوں کا انخلا بھی شامل ہے۔خبری ذرائع نے غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس کے مغرب میں ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ارد گرد صیہونی حکومت کے توپخانے کے حملوں اور فلسطینی مجاہدین کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاع دی ہے۔الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ صیہونی حکومت کے اسنائپرز نے ناصر ہسپتال کے داخلی دروازے کے سامنے ایک خاتون کو شہید کر دیا-