Feb ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • افغانستان: شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے کے سبب 25 افراد جاں بحق

افغانستان کے صوبۂ نورستان میں شدید بارش و برف باری اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں کم سے کم 25 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: آج منگل کو مختلف خبری ذرائع کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پیر کی علی الصباح افغانستان کے مشرقی صوبۂ نورستان کے نور گرام ضلعے میں شدید بارش و برف باری کے بعد زمینی تودے کھسکنے کے سبب کم سے کم 25 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کابل سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شدید بارش، برف باری اور مٹی کے تودے گرنے کے ان واقعات میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

افغانستان کی خبر رساں ایجنسی خامہ پریس نے افغان وزیر اطلاعات و مواصلات محمد عبداللہ جان کے حوالے سے بتایا کہ شدید بارش، برف باری اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں کم از کم 20 مکانات کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

دریں اثنا خامہ پریس کی رپورٹ کے مطابق بھاری برف باری کے بعد صوبۂ پنج شیر میں پانچ کارکن لاپتہ ہوگئے ہیں۔

 

ٹیگس