Mar ۲۰, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۶ Asia/Tehran
  • اسرائیل دوحہ مذاکرات میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے: اسماعیل ہنیہ

فلسطین کی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل دوحہ مذاکرات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں زندگی کی دوبارہ رونق کا مخالف ہے- اسماعیل ہنیہ نے غزہ کے الشفا کمپلیکس میں صیہونی فوج کے اقدامات کے بارے میں کہا کہ یہ اقدامات ثابت کرتے ہيں کہ اسرائیل غزہ میں دوبارہ زندگی کی واپسی کا مخالف ہے اور اس کے خلاف جنگ کر رہا ہے-اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ صیہونی دشمن جو کچھ غزہ کے شفا اسپتال میں انجام دے رہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ جارح حکومت غزہ میں انسانی زندگی کی تباہی و بربادی کے درپے ہے-

اسماعیل ہنیہ نے کہاکہ غزہ میں سرکاری اداروں ، پولیس افسروں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا مقصد غزہ میں افراتفری اور بدامنی پھیلانا اور فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھنا ہے- جیسا کہ دوحہ مذاکرات کے عمل کو خراب کرنے کی کوشش سے بھی اس غاصب حکومت کے حکمرانوں کی بد نیتی ظاہر ہوتی ہے- انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اس طرح کے اقدامات دشمن کے مجرمانہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کا باعث نہیں بنیں گے اور تحریک حماس اب بھی فلسطینی عوام کے حقوق ، جنگ کے خاتمے، قابض فوجیوں کے غزہ سے نکلنے اور پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے مطالبے پر کاربند ہے۔

تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن عزت الرشق نے بھی کہا کہ صہیونی دشمن دھمکیوں، بلیک میلنگ اور سیاسی کھیل کے ذریعے بھی کچھ حاصل نہیں کر سکتا جس طرح وہ میدان جنگ میں کچھ حاصل نہیں کر سکا ہے۔ ایک ٹیلی گرام پیغام میں الرشق نے کہا کہ نیتن یاہو کے ذہن میں جو کامیابی کا تصور ہے وہ فلسطینی قوم اور مجاہدین کی استقامت اور مزاحمت کی بدولت ایک سراب اور ناقابل حصول خواب ہے۔

ٹیگس