Apr ۲۰, ۲۰۲۴ ۰۶:۲۷ Asia/Tehran
  • عراق کے صوبے بابل کے کالسو فوجی اڈے پر اسرائیل کا حملہ

اسرائیلی بمبار طیاروں نے عراق کے صوبۂ بابل میں کالسو فوجی اڈے پر کم از کم تین بار بمباری کی ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق عراقی فوج اور رضاکار فورس حشد الشعبی سے تعلق رکھنے والے فوجی اڈے پر بمباری اور دھماکے کے بعد، حشد الشعبی کی کمان نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے یہ بمباری بابل صوبے کے شمال میں واقع کالسو فوجی اڈے میں حشدالشعبی کے ہیڈ کوارٹر پر ہوئی ہے- کالسو فوجی اڈہ عراقی فوج اور عراق کی رضاکار فورس حشدالشعبی کا مشترکہ ہیڈ کوارٹر ہے-

بعض ذرائع کے مطابق پہلے تو یہ سمجھا گیا کہ یہ حملہ امریکہ نے کیا ہے لیکن پینٹاگون نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ اس حملے میں اس کا کوئی کردار نہیں ہے -العہد نے اعلان کیا ہے کہ کالسو بیس کے دھماکے میں ایک فوجی شہید اور کم از کم آٹھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ عراق کے صوبہ بابل کی گورنری کی سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ کالسو فوجی اڈے کو میزائل سے نشانہ بنایا گيا ہے-

عراق کی سیدالشہداء بٹالین نے کہا ہے کہ اس حملے کا دنداں شکن جواب دیا جائے گا-  خبروں کے مطابق عراق نے بھی مقبوضہ فلسطین کے علاقے ایلات پر میزائلی حملہ کیا ہے- المیادین کے ڈائریکٹر کے مطابق عراق کی فضاؤں میں امریکی طیاروں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے اور عراق کی فضائی حدود میں ایک طیارے کو ایندھن بھرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

ٹیگس