افغانستان کے صوبہ ہرات کی ایک مسجد پرحملہ، چھ شہید
Apr ۳۰, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran
افغانستان کے صوبہ ہرات کی ایک مسجد پر دہشت گردانہ حملے میں چھ نمازی شہید ہوگئے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہرات میں ایک مسجد پر نامعلوم افراد نے دہشت گردانہ حملہ کیا ہے۔
اس رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ گذرہ شہر کے نواحی علاقے اندیشہ میں مسجد امام زمان علیہ السلام پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس میں چھ نمازی شہید ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے نماز مغربین کے دوران مسجد پر حملہ کیا۔ مسجد کے امام جماعت سمیت چھ افراد شہید ہوگئے ہیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ کئی نمازی زخمی ہوگئے ہیں۔
افغانستان کی حکمراں جماعت طالبان کی طرف سے اب تک اس دہشت گردانہ حملے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری طرف کسی گروہ نے ابھی تک اس دہشت گردانہ کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔