May ۰۹, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • غزہ اور رفح کے علاقوں پر جارح صیہونی حکومت کے حملوں میں متعدد شہید اور زخمی

غزہ پٹی کے جنوبی علاقے میں ایک رہائشی مکان پر صیہونی حکومت کے حملے میں تین افراد شہید اور سولہ زخمی ہو گئے ہیں۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطینی خبر رساں ایجنسی سما کے مطابق رفح شہر کے مغرب میں واقع تل السلطان محلے میں اس گھر کو نشانہ بنایا گیا۔غزہ پٹی کی وزارت صحت نے اپنے تازہ ترین اعداد و شمار میں اس علاقے میں چونتیس ہزار آٹھ سو چوالیس فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سات بار حملے کئے جس کے نتیجے میں پچپن افراد شہید اور دوسو زخمی ہوگئے ہیں۔اس رپورٹ کے مطابق کچھ شہداء کی لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی پڑی ہیں یا سڑکوں اور گلیوں میں بکھری پڑی ہیں اور امدادی کارکنوں کو ان تک رسائي حاصل نہیں ہے۔

غزہ پٹی کی وزارت صحت نے مزید کہا کہ ان شہداء سمیت غزہ میں شہداء کی تعداد چونتیس ہزار آٹھ سو چوالیس تک پہنچ چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد اٹھتر ہزار چار سو چار ہوچکی ہے۔صیہونی حکومت غزہ پٹی کے مختلف علاقوں بالخصوص رفح شہر کے مشرقی علاقوں پر اپنے فضائی، زمینی اور سمندری حملے جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

ٹیگس