May ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • غزہ اور رفح پر جارح فوج کے حملوں کے ساتھ ہی مختلف علاقوں میں مجاہدین کے ساتھ شدید جھڑپیں

غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے پوری وحشیگری کے ساتھ جاری ہیں اور اس درمیان فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں-

سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق  غزہ اور شہر رفح پر صیہونی حکومت کے ہمہ جہتی حملے جاری ہیں اور غزہ کے خلاف جنگ کے دو سو سولہویں روز شہر غزہ کے الزیتون علاقے میں فلسطینی مجاہدین اور قدس کے غاصب فوجیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی کی خبریں ہيں- صیہونی حکومت کے ٹینکوں اور بمبار طیاروں نے الزیتون علاقے اور اس علاقے کی مسجد علی کو اپنے شدید حملوں کا نشانہ بنایا ہے- اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے توپخانے اور جنگي کشتیوں نے غزہ کے مرکز میں النصیرات کیمپ ، بلدیہ کی عمارت اور متعدد گھروں پر گولہ باری کی ہے-

جنوبی غزہ میں واقع شہر رفح میں ایک رہائشی عمارت پر جارح صیہونی فوج کے حملے میں اب تک چار افراد شہید اور کم از کم سولہ زخمی ہوئے ہيں. شہر رفح اس وقت فلسطینی پناہ گزینوں کی پناہ گاہ میں تبدیل ہو چکا ہے اور پندرہ لاکھ کے قریب فلسطینی وہاں پناہ لئے ہوئے ہيں-

در ایں اثنا صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے شہر رفح میں الجنینہ علاقے میں بھی ایک گھر پر بمباری کی ہے - دوسری طرف صیہونی فوج کی جنگی کشتیوں نے بھی رفح شہر کے مغربی علاقوں پر گولہ باری کی ہے- مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر غزہ کے مرکز میں واقع المغراقہ کے علاقے میں صیہونی فوج اور مزاحمتی جیالوں کے درمیان گھمسان کی جنگ ہو رہی ہے اور صیہونی حکومت کے توپخانے اس وقت غزہ کے مرکز ميں النصیرات کیمپ پر گولے برسا رہے ہيں- صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے شہر غزہ کے مرکز میں السرایا کے علاقے پر بھی بمباری کی ہے -

واضح رہے کہ صیہونی حکومت غزہ کے مختلف علاقوں خاص طور پر رفح کے مشرقی علاقے پر مسلسل بری ، بحری اور فضائی حملے کر رہی ہے کہ جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں- صیہونی حکومت کی جنگی کابینہ نے پیر چھ مئی کو عالمی سطح پر مخالفتوں کے باوجود جنوبی غزہ میں واقع شہر رفح پر زمینی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے منگل سے رفح پاس کے ایک حصے پر قبضہ کرلیا ہے - غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس علاقے کے شہدا کی تعداد گذشتہ سات اکتوبر سے اب تک چونتیس ہزار آٹھ سو چوالیس اور زخمیوں کی تعداد اٹھہتر ہزار چار سو پانچ ہو گئی ہے-

ٹیگس