رفح میں القسام بریگيڈ کے ہاتھوں چار صیہونی فوجی ہلاک ، متعدد زخمی
فلسطین کی تحریک حماس کی فوجی شاخ القسام بریگيڈ نے رفح میں چار صیہونی فوجیوں کو ہلاک اور متعدد دیگر کو زخمی کردیا-
سحرنیوز/ عالم اسلام :الجزیرہ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگيڈ نے صیہونی فوج کے خلاف وسیع حملوں کی خبر دیتے ہوئے کہا ہےکہ ان حملوں کے نتیجے میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہيں- القسام بريگيڈ نے شہر رفح میں ایک صہیونی فوجی ٹینک کو تباہ کرنے کی خبر دی ہے-
القسام بریگيڈ نے مزید کہا کہ اس نے مشرقی رفح میں واقع الدعوہ مسجد کے قریب ایک عمارت کو نشانہ بنایا جہاں صہیونی فوجی پناہ گزیں تھے جس کے نتیجے میں یہ تمام فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ حماس کے عسکری ونگ نے تصدیق کی ہے کہ اس نے صہیونی فوجیوں کے ایک گروپ پر رفح کے مشرق میں گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں تمام فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ صیہونی فوج نے اس حملے میں چار صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے-