May ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۱ Asia/Tehran
  •  غاصب اسرائيل کی نابودی  یقینی ہے: تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ

تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غاصب اسرائيل کی نابودی کو یقینی قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی سما خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صیہونی دشمن کو تشخص کے بحران کا سامنا ہے اور وہ اپنی بقا کے لئے ہاتھ پیر مار رہا ہے کہا کہ دشمن کی فوج کے ناقابل شکست ہونے کا طلسم غزہ میں ٹوٹ گيا اور  استقامت کی جانب سے لگنے والی کاری ضرب سےصیہونی فوج کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ مسئلہ فلسطین ، فلسطینیوں اور تمام کے تمام حریت پسندوں کے اذہان میں موجود ہے کہا کہ فلسطینیوں کی آئندہ نسل کو اس بات کا ادراک ہے کہ واپسی کے حق سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی ہے اور استقامت نے فلسطینیوں کی نابودی پر مبنی تمام مذموم منصوبے ناکام بنا دیئے ہیں۔

تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ فلسطین کی آزاد قوم کو تمام میدانوں میں اٹھ کھڑے ہونا چاہئے کہا کہ استقامت کے محاذ نے ایران ، لبنان ، یمن اور عراق کی مدد سے سنہری کارنامے انجام دیئے ہیں اور فلسطینی قوم اپنے دوست ممالک کی کوششوں کی قدردانی کرتی ہے۔

دریں اثناء حماس اور جہاد اسلامی فلسطین کے رہنماؤں نے آپس میں ملاقات کر کے فلسطین کی تازہ ترین سیاسی اور جنگی صورتحال پر تبادلۂ خیالات کیا ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت سات اکتوبر دو ہزار تیئیس سے مغربی ممالک کی بھرپور حمایت کے ساتھ غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں فلسطین کے نہتےاور مظلوم عوام کا قتل عام کر رہی ہے۔ اس موقع پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس کی وجہ سے صیہونی حکومت ، فلسطینی خواتین اور بچوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ٹیگس