شہر رفح میں ایک گھر میں بم دھماکہ کر کے پندرہ صیہونی فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا : القسام بریگيڈ
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ شہر رفح میں ایک گھر میں بم دھماکہ کر کے پندرہ صیہونی فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ شہر رفح میں ایک گھر میں بم دھماکہ کر کے پندرہ صیہونی فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ یہ بم دھاکہ صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں غزہ کے جنوب میں واقع رفح کے مشرق میں التنور نامی علاقے میں کیا گیا جس میں پندرہ صیہونی فوجی ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔
القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ یہ صیہونی فوجی ایک مورچہ بنائے بیٹھے تھے ۔ دھماکے کے بعد فلسطینی مجاہدین باقی بچے صیہونی فوجیوں پر جھپٹ پڑے اور پھر فریقین کے درمیان فائرنگ شروع ہو گئی۔ القسام بریگیڈ نے رفح گذرگاہ پر تعینات صیہونی فوجیوں پر مارٹر ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
ادھر غزہ کے شمال میں جبالیا کیمپ کے مشرق میں الاقصی بریگیڈ نے صیہونی فوج کی ایک گاڑی کو آر پی جی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا جس میں صیہونی فوج کو خاصا نقصان پہنچا۔ المجاہدین بٹالین نے بھی اعلان کیا ہے کہ جبالیا کیمپ میں سرایا القدس کی مدد سے صیہونی فوج کا ایک ٹینک تباہ کر دیا گیا غزہ کی جنگ کا سلسلہ جیسے جیسے آگے بڑھتا جا رہا ہے صیہونی حکومت اور جارح صیہونی فوج کی مشکلات میں اتنا ہی اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور وہ غزہ کے دلدل میں دھنستی جا رہی ہیں۔
ایک صیہونی جنرل نے اعتراف کیا ہے کہ جاری جنگ سے متعلق صیہونی وزیراعظم کا اصرار اسے دلدل میں پھنساتا جا رہا ہے اور صورت حال یہ ہو گئی ہے کہ فلسطینی مجاہدین کی کاروائیوں کے نتیجے میں علاقہ صیہونی فوج کے لئے دوسرا لبنان بنتا جا رہا ہے۔ صیہونی جنرل یسرائیل زیف نے ایک آرٹیکل میں غزہ کے خلاف نتن یاہو کی فوجی کاروائی کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک حماس نے غزہ میں خود کو منظم کر لیا ہے اور اسرائیلی فوج کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ اس صیہونی جنرل نے کہا کہ نتن یاہو نے جو تیسری تلوار کے زیر عنوان سے کاروائی شروع کی ہے وہ خود صیہونی فوجیوں کے خلاف ہے جس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو گا اور اسرائیل کی نتن یاہو حکومت کو ہی نقصان پہنچے گا۔
ذرائع کے مطابق حماس نے مکمل توانائی کے ساتھ نتن یاہو کابینہ کے جنگی فیصلے کا مقابلہ کرنے کی تیاری کرلی ہے اور اسرائیل حماس کو دبانے یا اس پر فتح حاصل کرنے میں ناتواں و ناکام رہا ہے۔ صیہونی ریزرو فوج کے اس کمانڈر نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کے ماں باپ سے ملاقات میں انھوں نے اپنے بچوں کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے بچے ایسی جنگ کر رہے ہیں کہ جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ اس فوجی جنرل نے کہا کہ نتن یاہو حکومت اسرائیل کے فوجیوں کو ناکارآمد جنگ کی آگ میں جھونک کر ان کی سلامتی داؤ پر لگا رہی ہے۔
اس فوجی جنرل کے مطابق اسرائیلی فوجی نتن یاہو کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کو اب تک اپنے کسی بھی مقصد میں کامیابی نہیں ملی ہے۔اسرائیل کے اس فوجی جنرل نے الزیتون، جبالیا۔ بیت حانون، الشجاع اور خان یونس کو ایسے علاقوں سے یاد کیا کہ جن پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کیا اور حماس کو ان علاقوں میں تباہ کرنے کا دعوی کیا گیا مگر وہاں حماس واپس لوٹی اور دوبارہ منظم ہوئی۔اس فوجی جنرل کے مطابق جس طرح سے حماس نے دوبارہ تیاری کی ہے اور چھاپہ مار جنگ کرتی ہے تو اسرائیل کو ناکوں چنے چبانا پڑ جائیں گے اور صورت حال بس سے باہر ہو جائے گی اور اسرائیلی فوج کو بھاری نقصان کے ساتھ نہ صرف پیچھے ہٹنا پڑے گا بلکہ شکست کا بھی سامنا کرنا پڑے گا اور پھر بھی نتن یاہو جنگ جاری رکھنے پر زور دے رہے ہیں ۔
چنانچہ نتنیاہو عملی طور پر اسرائیلی فوجیوں کو ایسی جنگ کی آگ میں جھونک رہے ہیں کہ جس کا نتیجہ کم سے کم اسرائیل کے حق میں ہرگز نہیں نکلے گا اور اسرائیل کی فوجی طاقت کا بھرم چکناچور ہو جائے گا۔