استقامتی محاذ کی صیہونی فوج کے خلاف کارروائياں
مزاحمتی محاذ سے وابستہ تنظیموں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غاصب صیہونی فوج کے خلاف متعدد آپریشن کئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بٹالین نے رفح شہر کے یبنا کیمپ میں عواد اللہ چوراہے کے قریب صیہونی حکومت کے مرکاوا چار ٹینک کا الیاسین ایک سو پانچ گولے کے ذریعے شکار کیا۔
حزب اللہ لبنان کی فورسز نے بھی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کے قریب صیہونی حکومت کے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔ حزب اللہ لبنان کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعے کی شب مقامی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے کے قریب مقبوضہ علاقے کے التحیت ٹرائینگل پر صیہونی دہشتگردوں کے ایک گروپ کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
پچھلے چند مہینوں میں حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ علاقوں کے شمال میں صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو ان علاقوں میں رہنے والے صہیونیوں کے لیے خوف کا باعث بنا ہے اور اب تک دسیوں ہزار صہیونی باشندے مزاحمتی حملوں کے خوف سے لبنانی سرحدوں سے دور محفوظ مقامات کی جانب فرار کر گئے ہیں۔
اُدھر عراق کی اسلامی مزاحمت نے بھی مقبوضہ فلسطین میں اپنے ایک ڈرون آپریشن کی خبر دی ہے۔ دوسری جانب صیہونی ذرائع ابلاغ نے ہفتے کی صبح اطلاع دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شمال میں صفاد کے علاقے تک متعدد صیہونی بستیوں میں میزائل اور راکٹ حملے کے خدشے کے پیش نظر خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔