مغربی کنارے میں قابض فوج کے حملے میں ایک فلسطینی شہید
خبر رساں ذرائع نے مغربی کنارے میں قابض فوج کے حملے میں ایک فلسطینی نوجوان کی شہادت کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: صیہونی افواج نے آج ہفتے کے روز دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں پر حملہ کیا ہے۔ اس حملے کے دوران فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوج کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع شہر طول کرم کے مشرقی علاقے میں ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے کے شہر اریحا کے جنوب میں واقع عقبہ جبر کیمپ پر صہیونیوں کے حملے کے دوران گیارہ فلسطینی شہری شدید زخمی ہوگئے-
ایسے وقت میں جب غزہ کی پٹی کے خلاف صیہونی حکومت کی فوج کی تباہ کن جنگ میں دسیوں ہزار فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں، مغربی کنارے کے فلسطینی مجاہدین اور نوجوان بھی صیہونی حکومت کی فوج کے خلاف مختلف علاقوں منجملہ نابلس، طول کرم، جنین اور الخلیل میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور قابض حکومت کی فوج کے درمیان شدید لڑائی ہو رہی ہے جبکہ صیہونی فوجیوں نے کچھ علاقوں پر حملے کرکے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔