Aug ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۹:۴۹ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ نے خالد مشعل کو قتل کی دھمکی دی

صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ نے بیرون ملک حماس کے سربراہ خالد مشعل کو قتل کی دھمکی دی ہے۔

 سحرنیوز/عالم اسلام: خالد مشعل کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں دوبارہ  شہادت پسندانہ  کارروائیاں شروع کرنے کی دھمکی پر غاصب صیہونی حکام کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ یسرائیل کاتس نے خالد مشعل کو قتل کی دھمکی دی ہے۔

اس سلسلے میں کاتس نے کہا: اسرائیل  خالد مشعل اور ان کے ساتھیوں کی موت کی اپنی خواہش کو بہت جلد عملی جامہ پہنائے گا۔

کاتس نے مزید کہا: "اس بار آپریشن مختلف ہو گا اور کسی معمولی تبدیلی کے بغیر کیا جائے گا۔"

در اصل فلسطین سے باہر حماس کے سربراہ خالد مشعل نے بدھ کے روز استانبول میں ایک پریس کانفرنس میں بولتے ہوئے، غرب اردن میں دوبارہ شہادت پسندانہ کارروائيوں کے آغاز پر خوشی ظاہر کی اور صیہونیوں کے خلاف جد و جہد میں شدت اور غرب اردن کے لوگوں سے مزاحمت سے جڑنے کی اپیل کی تھی جس کے بعد صیہونی وزیر خارجہ نے انہيں قتل کی دھمکی دی ہے۔

خالد مشعل نے اسی طرح امریکہ اور دیگر ملکوں میں طلبہ سے اپیل کی کہ وہ صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرہ دوبارہ شروع کریں۔

انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر وہ غزہ میں صیہونی جارجیت کے خلاف مظاہرے شروع کریں اور امریکہ اور مغربی ملکوں کی جانب سے صیہونی حکومت کی حمایت کی مذمت کریں۔

 

ٹیگس