Sep ۱۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • یحیی السنوار کا انصاراللہ یمن کے سربراہ کے نام پیغام

حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ یحیی السنوار نے انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کے نام پیغام میں، صیہونی حکومت کی فضائی سیکورٹی کی کئی دیواریں عبور کر کے یمنی میزائل کے تل ابیب تک پہنچ جانے کی مبارکباد پیش کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے سیاسی نامہ نگار کے مطابق الجزیرہ نے رپورٹ دی ہے کہ حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ یحیی السنوار نے انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ انصاراللہ یمن کے سچے ہمدردانہ جذبات اور میدان میں اس کے عزم محکم اور اس کے پیغامات کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یحیی السنوار نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے اندر تک صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر یمنی فوج کے حملوں اور تل ابیب کے مرکز پر اس کے تازہ حملے نے آپریشن طوفان الاقصی میں نئی روح پھونک دی ہے۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ نے کہا کہ یمنی فوج کی بے نظیر کارروائیاں صیہونی دشمن کے لئے اس پیغام کی حامل تھیں کہ اس جنگ میں حالات کو اپنے کنٹرول میں لینے کے منصوبے اور غیر جانبداری کی کوششیں شکست سے دوچار ہوئی ہیں اور ان کوششوں کے مقابلے میں، فلسطینی استقامت کے حامی محاذ کی تاثیر بڑھ گئی ہے۔
یحیی السنوار نے کہا ہے کہ یمنی فوج کے بہادر مجاہدین اپنی فوجی صلاحیتیں اور توانائیاں بڑھانے میں بہت کامیاب رہے ہیں اور انھوں نے مقبوضہ فلسطین کے اندر غاصبوں کے ٹھکانوں کو اپنے میزائلوں کی رینج میں لے لیا ہے۔ حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ یمن کی عظیم قوم تاریخ میں ہمیشہ فلسطینی قوم کی حامی رہی ہے۔ انہوں نے انصاراللہ یمن کے سربراہ کے نام اپنے اس پیغام میں کہا ہے کہ لبنان اور عراق کی استقامتی تحریکوں کے بھائیوں کے ساتھ آپ کی حمایت اور مشارکت صیہونی دشمن کی سرکوبی اور اس کو شکست کا مزہ چکھانے میں موثر واقع ہوئی ہے۔

ٹیگس