جنگ بندی کے باوجود غزہ میں صیہونی مظالم جاری، شہداء کی تعداد 90 تک پہنچ گئی
غزہ کے طبی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری رہے جس کے نتیجے میں جنگ بندی کے بعد شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کے محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی جیٹ فائٹروں نے رہائشی علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 37 فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا جن میں سے 16 معصوم بچے تھے۔
غزہ کے العودہ ہسپتال کے ایک ذریعے نے بتایا کہ صیہونی فوج نے النصیرات کیمپ میں واقع ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جہاں 4 بچے سمیت 8 شہری شہید ہوگئے۔
"تل الہوی" علاقے میں بھی صیہونی فوج نے ایک گھر کو تباہ کرکے ایک ماں اور ان کی نوزائیدہ بچی کو شہید کردیا۔
واضح رہے کہ یہ حملے صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کے براہ راست حکم پر انجام پائے ہیں۔
اسرائیلی وزیر جنگ یسرائیل کاٹس نے دعوی کیا ہے کہ یہ حملے غزہ میں ایک اور صیہونی فوجی کی ہلاکت کے جواب میں کیے گئے ہیں۔
صیہونی حکومت نے کوئی ثبوت پیش کیے بغیر اس فوجی کی ہلاکت کے لیے حماس کو ذمہ دار ٹہرایا ہے۔