Sep ۲۲, ۲۰۱۵ ۱۹:۴۸ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی کی موجودہ صورتحال برقرار رکھنے پر بان کی مون کی تاکید

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بیت المقدس میں موجود مقدس مقامات اور مسجد الاقصی کی موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان اسٹیفن دوگریک نے منگل کے دن ایک بیان جاری کیا ہے۔ جس میں مقدس مقامات کی موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے محدود خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران مسجد الاقصی کے واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بان کی مون نے فلسطینیوں اور صیہونی حکومت کو کشیدگی میں کمی لانے کی ترغیب دلائی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کے دن صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی پر حملہ کیا تھا- فلسطینی نمازیوں کے ساتھ لڑائی کے دوران صیہونی فوجیوں نے آنسو گیس کے شیل پھینکے اور کریکر بموں کا استعمال کیا۔ جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے اور اس کے بعد سے مقبوضہ بیت المقدس اور مسجدالاقصی میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

ٹیگس