شام میں دہشت گردوں کے خلاف روس کے فضائی حملے
Oct ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
-
شام میں دہشت گردوں کے خلاف روس کے فضائی حملے
شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روس کے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ رپورٹ کے مطابق جمعے کے دن شہر حلب کے نزدیک روس کے جنگی طیاروں کے حملے میں داعش کا ایک تربیتی کیمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اسی طرح شام کے علاقے حسکہ میں دہشت گردوں کے خلاف روس کی فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کا ایک مرکز تباہ ہوگیا اور بہت سے دہشت گرد مارے گئے۔ روسی ذرائع کے مطابق شام کے صوبہ حمص کے شہر القریتین میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے۔ روسی ذرائع کے مطابق جمعرات کی رات، انجام پانے والی اس فضائی کارروائی میں بہت سے دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ شہر القریتین پر داعش نے اگست سے قبضہ کررکھا ہے۔
اسی طرح شام کے شہر الرقہ کے مغربی مضافات میں روسی طیاروں کے حملے میں کم سے کم بارہ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری طرف حمص کے مضافات میں شامی فوج کے حملے میں بھی بہت سے تکفیری دہشت گرد وں کے ہلاک ہونے کی رپورٹ ہے۔
شام کے فوجیوں نے اسی طرح ادلب کے مضافات میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر وسیع حملہ کیا ہے۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق لاذقیہ میں شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کے حملے میں کم سے کم اٹھارہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں ۔