روس کا کیسپیئن سی سے داعش کے ٹھکانوں پر میزائیلوں سے حملہ
روس نے کیسپیئن سی کے علاقے سے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر میزائیل حملوں کا آغاز کردیا ہے۔
روس کے وزیردفاع سرگئی شویکوف نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیسپیئن سی کے علاقے میں تعینات چار روسی بحری بیڑوں سے چھبیس کروز میزائیل داغے گئے ہیں۔
روسی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران روسی فوج کے اس اقدام سے آگاہ کردیا ہے۔
روسی ٹیلی ویژن رشیا ٹوڈے کے مطابق کروز میزائیل کیسپیئن سی کے علاقے میں تعینات روسی بحری بیڑوں سے داغے گئے جو اپنے ہدف پر لگے۔ روسی بحریہ نے یہ حملے ایسے وقت میں کئے ہیں جب روسی فضائیہ کے جیٹ طیارے پچھلے کئی روز سے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر مسلسل بمباری کر رہے ہیں۔
روس کے وزیر دفاع سرگئی شویکوف نے کہا کہ دہشت گردوں کی نابودی کے لئے طیارہ بردار بحری جہازوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ ہمارے بحری بیڑوں نے آج صبح دہشت گردوں کے گیارہ ٹھکانوں کو نشانہ بناکر انہیں مکمل تہس نہس کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے میزائل طویل فاصلے تک مار کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
روس نے شام مخالف ملکوں کی جانب سے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے بند کرنے کا مطالبہ پہلی ہی مسترد کردیا ہے۔