عراق میں ایم کے او دہشت گرد گروہ کے تیئیس افراد ہلاک
-
عراق میں ایم کے او دہشتگرد گروہ کے تئیس افراد ہلاک
بغداد میں لبرٹی فوجی اڈے پر راکٹ حملوں میں ایم کے او گروپ کے تیئیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام لبرٹی فوجی اڈے پر راکٹ حملوں میں ایم کے او کے تیئیس دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ لبرٹی فوجی اڈا، ایم کے او دہشت گردوں کا گڑھ ہے۔ یہ فوجی اڈا بغداد کے مضافات میں واقع ہے۔ ایم کے او کا دہشتگرد سرغنہ حسین ابریشمچی بھی جمعرات کے راکٹ حملوں میں ہلاک ہوا ہے۔ ایم کے او گروہ نے ہلاک شدہ دہشت گردوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ لبرٹی فوجی اڈے میں تقریبا دوہزار چار سو دہشت گرد موجود ہیں۔
واضح رہے عراقی عوام نے عراق کے مشرقی صوبے دیالہ میں ایم کے او دہشت گرد گروہ کے اڈے پر قبضہ کرلیاتھا جس کے بعد اس گروہ کے دہشتگردوں کو کسی ملک منتقل کرنے کے لئے بغداد کے مضافات میں واقع لبرٹی فوجی اڈے منتقل کردیا گیا تھا۔ دہشتگرد گروہ ایم کے او نے عراق کے خونخوارڈکٹیٹر صدام کے ساتھ ، ملت عراق کے انیس سو اکانوے کے قیام کو کچلنے اور کردوں کے قتل عام میں بھرپور تعاون کیا تھا اسی وجہ سے عراقی عوام اس دہشت گرد گروہ کے عراق سے نکالے جانے کے خواہاں ہیں۔
مختلف ممالک نے اس گروہ کو دہشت گرد قراردیا ہے اور یہ گروہ انیس سو چھیاسی میں عراق آیا تھا اور صوبہ دیالہ میں اشرف چھاونی میں تعینات ہوگیا تھا۔