Nov ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۶:۲۲ Asia/Tehran
  • بحرین میں متعدد ذاکرین اور مجالس حسینی کے منتظمین گرفتار
    بحرین میں متعدد ذاکرین اور مجالس حسینی کے منتظمین گرفتار

بحرین کی شاہی حکومت نے مذہبی آزادیوں پر پابندی کو مزید سخت کرتے ہوئے درجنوں ذاکرین اور مجالس حسینی کے منتظمین کو گرفتار کرلیا ہے۔

نبا ٹیلی ویژن کے مطابق بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے ملک کے تیرہ علاقوں میں کارروائی کرکے ایک بار پھرعزاداری کے علم اور بینرز اکھاڑ دیئے ہیں۔ شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے کم سے کم اکتیس افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن میں ذاکرین ، شعرا اور مجالس عزا کے منتظمین شامل ہیں۔

دوسری جانب بحرین کے عوام نے مذہبی رسومات کی ادائیگی روکنے اور عوام کی سرکوبی کے خلاف سنابس اور نویدارات سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے ہیں۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ، پرچم حسین ہمیشہ سربلند رہے گا اور شاہی حکومت مردہ باد جیسے نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے سیاسی قیدیوں کی حمایت اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دیواروں پر سیاسی قیدیوں کی تصاویر بھی چسپاں کیں۔ بحرین کی شاہی حکومت سعودی عرب اور خلیج فارس کے دیگر عرب ملکوں کے فوجیوں کے ساتھ ملکر ملک میں جاری عوامی جمہوری تحریک کو کچلنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔


ٹیگس