Nov ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • شامی فوج کے لڑاکا طیاروں نے ملک بھر میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانا بنایا
    شامی فوج کے لڑاکا طیاروں نے ملک بھر میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانا بنایا

شامی فوج کے لڑاکا طیاروں نے ملک بھر میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ پچھلے اڑتالیس گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں داعش دہشت گردوں کے کم سے کم تین سو تئیس ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران حمص شہر کے مشرقی نواحی علاقوں میں داعش کے سات کمانڈ سینٹر تہس نہس ہوگئے۔

شامی فوج کے لڑاکا طیاروں نے ادلب شہر کے قریب بھی بمباری کرکے دہشت گردوں کے بم اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کے دو کارخانوں کو تباہ کردیا۔ شمالی حماہ کے علاقے میں بھی داعش کے اسلحہ کے دو گودام اور خودکار مشین گنوں سے لیس متعدد گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا۔

دوسری جانب شامی فوج نے صوبہ درعا، سویدا، حمص، حلب اور لاذ‍ قیہ کےعلاوہ دمشق کے نواحی علاقوں میں پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ شامی فوج نے شدید لڑائی کے بعد درعا کے نواحی علاقے شیخ مسکین کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ شامی فوج نے علاقے میں ایک فوجی چھاونی پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو بھی ناکام بنا دیا ہے۔

شامی فوج کے ترجمان کے مطابق درعا صوبے میں ایک اور کارروائی کے دوران دہشت گرد گروہ جبہت النصرہ کا بم بنانے کا ایک کارخانہ، متعدد بکتر بند گاڑیاں اور دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک کار کو تباہ کردیا گیا ہے۔

دمشق کے نواحی علاقے غوطہ شرقیہ میں بھی شامی فوج کی پیشقدمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس علاقے کے متعدد دیہات شامی فوج کے قبضے میں آگئے جبکہ درجنوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔

صوبہ حلب میں بھی شامی فوج نے متعدد علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے بعد امن بحال کردیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران مختلف دہشت گردگروہوں کے درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ٹیگس