حسن نصراللہ کے بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں: صیہونی وزیرجنگ
-
صیہونی وزیر جنگ موشیہ یعلون
صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نے کہا ہے کہ سمیر القنطار کے خون کا انتقام لینے کے بارے میں حزب اللہ کے سربراہ کے بیان کو سنجیدگی سے لیتے ہیں-
رپورٹ کے مطابق صیہونی وزیر جنگ موشیہ یعلون نے سمیر القنطار کے قتل کے بارے میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کے بیان پر اپنا پہلا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ اور ایران جولان سے اسرائیل کے خلاف کچھ حملے کرنے اور اس پوائنٹ پر اسرائیل کے خلاف ایک محاذ کھولنے کی کوشش کرسکتے ہیں-
0صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے گذشتہ ہفتے دمشق کے جنوب میں واقع شہر جرمانا کی ایک عمارت پر بمباری کی جس کے نتیجے میں لبنانی حریت پسند اور کچھ شامی شہری شہید ہو گئے- سمیر القنطار کی شہادت کے بعد سید حسن نصر اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ القنطار کے قتل میں مسلح گروہ ملوث ہیں جو کہ جھوٹ ہے بلکہ اسرائیل نے اپنے میزائلوں سے انھیں نشانہ بنایا ہے- سید حسن نصر اللہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ہم دوست و دشمن سب سے کہہ رہے ہیں کہ ہم کسی وقت اورکسی جگہ القنطار کے قتل کا انتقام لیں گے اور یہ ہمارا حق ہے-